ریاض (نیوز ڈیسک) سعودی وزارت برائے سول سروسز نے اعلان کیا ہے کہ فرائض کی ادائیگی کے دوران جاں بحق یا مستقل طور پر معذور ہوجانے والے سرکاری ملازمین کو ایک لاکھ سعودی ریال (تقریباً 27 لاکھ پاکستانی روپے) ادا کئے جائیں گے۔
عرب نیوز کے مطابق وزارت نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ ملازمین غیر استعمال شدہ چھٹیوں کے معاوضے کے بھی حقدار ہوں گے۔ مروجہ اصولوں کے مطابق اگر کوئی ملازم بیمار پڑ جائے یا زخمی ہوجائے اور اس کی وجہ سے اپنی ذمہ داریاں ادا نہ کرسکے تو وہ مکمل مشاہرے کے ساتھ ڈیڑھ سال کی چھٹیوں کا حقدار ہے۔ اگر ملازم ڈیڑھ سال کے بعد بھی کام پر نہ لوٹ سکے تو اسے میڈیکل کمیٹی کے سامنے معائنے کے لئے پیش ہونا ہوگا جو فیصلہ کرے گی کہ اسے گزشتہ بیسک تنخواہ کی 80فیصد ریٹائرمنٹ تنخواہ کے ساتھ برخاست کیا جائے یا نصف تنخواہ کے ساتھ چھٹی کو جاری رکھا جائے۔ اگر کمیٹی بیرون ملک علاج تجویز کرتی ہے تو اس کے اخراجات آجر کے ذمہ ہوں گے۔