نئی دہلی(نیوز ڈیسک) بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے ساتھ پرامن، خوشگوار اور دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے اس کے برعکس ہمسایہ ملک دہشت گردوں کی مسلسل پشت پناہی کررہا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سشما سوراج نے کہا کہ ملکی سیکیورٹی کو مزید مستحکم کیاجارہا ہے کیونکہ دہشتگردی کا خطرہ برقرار ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہماری طرف سے دوستانہ اقدام کے باوجود پاکستان مسلسل بھارت مخالف سرگرمیوں کا مرتکب ہورہا ہے اور اس سلسلے میں دہشت گردوں کی پشت پناہی کررہا ہے۔انھوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہاں ہے تاہم بدقسمتی کی بات ہے کہ پاکستان مسلسل دہشت گردی کو فروغ دے رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پورے جنوبی ایشیا میں اس وقت بھارت کا کردار بہترین ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا۔