واشنگٹن (نیوز ڈیسک) افغانستان میں لاپتہ ہونے اور پھر طالبان کی قید سے رہا کروائے جانے والے امریکی فوجی بووی برگڈال کے لئے اب اپنے ہی ملک میں ایک اور آزمائش کا آغاز ہوگیا ہے۔ سارجنٹ برگڈال کے خلاف بھگوڑا ہونے اور اپنی کمان اور یونٹ کی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات کے تحت کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ کرنل ڈینیئل کنگ نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ سارجنٹ برگڈال ایک سماعت کے لئے پیش ہوگا جس میں یہ اخذ کیا جائے گا کہ اس کے خلاف سویلیئن گرینڈ جیوری کی طرز پر مقدمہ چلایا جائے یا نہیں۔
برگڈال 2009ءمیں افغان صوبے پکتیکا میں اچانک لاپتہ ہوگیا تھا۔ امریکی فوج نے اس کی تلاش پر بے پناہ محنت اور اخراجات صرف کئے۔ 2014ءمیں برگڈال کو امریکی قید میں موجود 5 طالبان کے بدلے رہا کروایا گیا۔ اگر برگڈال کے کورٹ مارشل میں الزامات ثابت ہوگئے تو اسے عمر قید کی سزا بھی ہوسکتی ہے۔