اسلام آباد (نیوز ڈیسک) بھارت میں شدید گرمی اور مسلسل بجلی کی بندش کے باعث ایک خاندان نے اے ٹی ایم بوتھ کو عارضی پناہ گاہ بنا لیا۔
بھارت کی مختلف ریاستیں ان دنوں شدید گرمی کی لپیٹ میں ہیں، اور اس صورتحال کو مزید سنگین بناتی ہے وہاں کی غیر اعلانیہ اور طویل دورانیے کی لوڈ شیڈنگ۔ خاص طور پر ریاست اترپردیش کے شہر جھانسی میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے، جبکہ دن ہو یا رات، بجلی کی بندش معمول بن چکی ہے۔
ایسے حالات میں جھانسی کے ایک خاندان نے شدید گرمی سے بچنے اور کچھ راحت حاصل کرنے کے لیے اے ٹی ایم بوتھ کو اپنا ٹھکانہ بنا لیا ہے، جہاں نصب ایئر کنڈیشنر سے وہ گرمی کا مقابلہ کر رہے ہیں۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خواتین اپنے بچوں کے ہمراہ بوتھ میں موجود ہیں۔
ایک خاتون نے بتایا کہ “نہ دن کو بجلی ہوتی ہے اور نہ ہی رات کو۔ صبح ہوتے ہی ہمیں کام پر بھی جانا ہوتا ہے تاکہ بچوں کے لیے کچھ کما سکیں، لیکن بجلی نہ ہونے کے باعث زندگی بے حد مشکل ہو گئی ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “ہم گزشتہ ایک ماہ سے بجلی کی شدید قلت کا سامنا کر رہے ہیں، اور بالآخر مجبور ہو کر یہاں پناہ لی۔”
یہ واقعہ بھارت میں جاری گرمی کی شدت اور بنیادی سہولیات کی عدم دستیابی کو واضح کرتا ہے، جس سے عام شہری شدید متاثر ہو رہے ہیں۔