لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) طیاروں کے حوالے سے ان میں چھپے راز عام مسافروں کے لیے ہمیشہ معمہ بنے رہتے ہیں۔پائلٹ کی زندگی سے لے کر ائیر ہوسٹز کے کوڈز سے لے کر، طیاروں پر کام کرنے والوں کے حوالے سے حیرت انگیز انکشافات سامنے آتے رہتے ہیں۔ مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ طیاروں کی نشستوں کی رنگت بھی مخصوص وجہ کو مدنظر رکھ کر کی جاتی ہے؟اور یہ وجہ اکثر ہوائی پروازوں میں جانے والے افراد کے لیے قابل فہم بھی ہے۔ہوسکتا ہے کہ آپ نے غور نہ کیا ہو مگر بیشتر فضائی
کمپنیاں طیاروں کی نشستوں کی رنگت کے لیے نیلے رنگ کا انتخاب کرتی ہیں ۔ اس کے پیچھے بھی ایک وجہ چھپی ہے اور وہ مسافروں کو سکون اور امن کا احساس دلانے کے ساتھ ان کے اندر فضائی کمپنی کے لیے اعتماد پیدا کرنا ہے۔ فضائی کمپنیوں کے خیال میں یہ رنگ نروس مسافروں کو زیادہ محفوظ اور سکون کا احساس دلاتا ہے۔اس رنگت کا انتخاب اکثر بڑی کمپنیاں اور ہسپتال بھی اسی وجہ سے کرتے ہیں۔کلر ویب سائٹ کلر وہیل پرو کے مطابق یہ رنگ انسانی ذہن اور جسم کے لیے فائدہ مند تصور کیا جاتا ہے۔