ڈبلن(مانیٹرنگ ڈیسک) آئرلینڈ میں واقع ریسٹورنٹ نے 32 انچ پیزا اور 2 مِلک شیک (جوس) مخصوص وقت میں ختم کرنے والے شخص کو 75 ہزار روپے بطور انعام دینے کا اعلان کردیا۔ تفصیلات کے مطابق آئرلینڈ کے شہر ڈبلن میں واقع ’پن پیڈز ریسٹورنٹ‘ کے مالک نے گاہکوں کو چیلنج دیا ہے۔
اگر وہ ایک ہی وقت میں 32 انچ قطر کا پیزا اور دو گلاس جوس ختم کریں گے تو انہیں 500 یورو انعام میں دیے جائیں گے۔ ریسٹورنٹ کی جانب سے یہ چیلنج ایک ہفتے قبل دیا گیا تاہم اب تک سیکڑوں افراد نے حصہ ضرور لیا مگر کوئی بھی کامیابی حاصل نہ کرسکا، ہوٹل مالک کے مطابق اُس نے کاروبار کی مشہوری کے لیے انوکھے مقابلے کا انعقاد کیا۔ مالک اینتھونی کیلی کے مطابق اب تک 100 افراد نے اس چلینج کو عبور کرنے کی کوشش کی مگر کوئی بھی انعامی رقم حاصل نہ کرسکا۔ انوکھے مقابلے میں حصہ لینے والے افراد کے ناموں کا اندراج ہوٹل پر لگے بورڈ پر کردیا جاتا ہے کہ انہوں نے مقررہ وقت میں کتنا ہدف حاصل کیا، اب تک صرف ایک شخص 35 منٹ میں پیزا کے تین سلائس کھانے اور آدھا جوس پینے میں کامیاب رہا۔ اب تک سب سے زیادہ کامیابی حاصل کرنے والے رابرٹ کا کہنا تھا کہ وہ اس سے قبل چکن رول کھانے کا مقابلہ جیت چکا ہے اس لیے اُسے لگا کہ پیزا اور دو مِلک شیک پی سکتا ہے۔ ریسٹورنٹ کے مالک نے اعلان کیا ہے کہ جب تک کوئی شخص چلینج میں کامیابی حاصل نہیں کرے گا ہماری طرف سے یہ پیش کش جاری رہے گی۔