نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) کامیابی کا خواب ہر کوئی دیکھتا ہے لیکن اپنی کامیابی کی خوشی میں اپنے بڑوں خاص کر محلے والوں کو شامل کرنا بہت ہی کم دیکھا جاتا ہے، ایسے میں ایک بھارتی نوجوان نے پائلٹ بننے کے بعد اپنے پورے گاؤں والوں کو جہاز کے سفر کا تحفہ دیا اور نئی نسل کے لیے ایک مثال قائم کردی۔ نوجوان پائلٹ ویکاس جیانی کا تعلق بھارتی شہر جالندھر کے گاؤں سارنگ پور سے ہے، جن کا خواب بچپن سے ہی پائلٹ بن کر اپنے گاؤں کا نام روشن کرنا تھا۔ ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق ویکاس جیانی نے بطور پائلٹ پہلی کامیاب پرواز کرنے کے بعد اپنے گاؤں کے 22 افراد کو جہاز
کا سفر کروایا، جن میں سب کی عمر 70 برس سے زائد تھی۔ انہوں نے گاؤں کے بزرگوں کو اپنی فلائٹ میں نئی دہلی سے امرتسر کا ہوائی سفر کروایا، جس کے بعد ان بزرگوں نے گولڈن ٹیمپل، جلیاںوالہ باغ اور واہگہ بارڈر کا دورہ کیا۔ ان تمام بزرگوں کا کہنا تھا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ بھی کبھی جہاز کا سفر کریں گے۔ ویکاس کے والد مہیندرا کا کہنا تھا کہ ان کے بیٹے کو شروع سے یقین تھا کہ وہ ایک دن ضرور پائلٹ بنے گا اور آج وہ ایک کامیاب پائلٹ ہے۔ والد کے مطابق ویکاس ہمیشہ بڑوں کا ادب و احترام کرتا ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ وہ آج کے نوجوانوں کے لیے ایک مثال ہے۔