ابوظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظہبی کی پولیس نے اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ پر تین گاڑیوں کے درمیان ہونے والے خوفناک حادثے کی ویڈیو شیئر کردی ہے۔ خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ابوظہی پولیس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک سیلون کار بائیں جانب اور اس لین میں ایس یو وی کار تیزی سے جارہی ہے جبکہ اس دوران اچانک ایک اور ایس یو وی کار دونوں کاروں کے درمیان سے گزرنے کی کوشش کرتی ہے ۔ اسی کوشش کے
دوران درمیان والی کار دونوں جانب کی کاروں سے جا ٹکراتی ہے جس سے سیلون کار بائیں جانب لگے ڈیوائیڈر سے جا ٹکراتی ہے اور دوسری کار دائیں جانب گھومتی ہوئی ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوجاتی ہے۔ ابوظہبی پولیس نے حادثے کی ویڈیو شیئر کی اور فالورز کو کہا کہ اس حادثے کے بارے اور ایسے دوسرے حادثات کو روکنے کے بارے اپنی رائے کا اظہار کریں اور کمنٹس دیں۔کچھ نے کہا کہ پولیس کو لوئر اور اپر حدود پر توجہ دینی چاہیئے جبکہ کچھ نے اس سب کا ذمہ دار اوورٹیکنگ اور تیز ڈرائیونگ کو قرار دیدیا۔