کراچی (آن لائن )اورنگی ٹاؤن میں آوارہ کتوں سے تنگ علاقہ مکینوں نے انوکھا احتجاج کرتے ہوئے آوارہ کتے بوری میں بند کر کے بلدیہ آفس میں پھینک دئے ، تفصیلات کے مطابق کراچی میں آوارہ کتوں کی بھرمار ہے ،شہری انتظامیہ شہریوں کو آوارہ کتوں سے تحفظ دینے میں ناکام ہوچکی ہے ،اور آئے روز اکثر شہری کتے کے کاٹنے کے باعث جناح اور سول اسپتال کا رخ کرتے ہیں ۔
یہ آوارہ کتے جہاں دن کے اوقات میں شہریوں کو کاٹ بھی لیتے ہیں تو دوسری جانب رات کے اوقات میں کسی کو سکون سے سونے بھی نہیں دیتے،کراچی کے علاقے اورنگی کے شہری بھی آوارہ کتوں سے تنگ آگئے ،مگر انہوں نے احتجاج کا انوکھا طریقہ اختیار کیا اور آوارہ کتوں کوبوری میں ڈال کر بلدیہ آفس میں پھینک آئے ،اس عمل سے بلدیہ کے افسران اور اہلکاروں میں کھلبلی مچ گئی اور ان کی جانب سے سخت ناراضی کا اظہار کیا گیا،مگر شہریوں کا کہنا ہے کہ گزشتہ ایک سال سے درخواستیں دے دے کر تھک چکے ہیں مگر آوار کتوں کے خلاف کوئی ایکشن نہیں لیا گیا،ہم نے بلدیہ افسران کوبارباراس سلسلے میں شکایات کیں مگرکوئی بات سننے والانہیں،جس کے باعث احتجاجاً ہمیں یہ سب کرنا پڑا۔