اقوام متحدہ (سی پی پی ) اقوام متحدہ کی جاری کردہ ’’عالمی خوشی کی رپورٹ 2018‘‘ کے مطابق پاکستان نے سب سے زیادہ خوش رہنے والے ممالک میں بھارت کو پیچھے چھوڑ کر 75 ویں پوزیشن حاصل کرلی ہے۔اقوام متحدہ کی جانب سے جاری ہونے والی عالمی خوشی کی رپورٹ میں 156 ممالک کو شامل کیا گیا تھا جس میں پاکستان گذشتہ برس کی نسبت 5 درجے ترقی کے ساتھ 80 سے 75 ویں پوزیشن پر آ گیا۔ اس فہرست میں بھوٹان
97 ویں، نیپال101، بنگلہ دیش 115، سری لنکا 116، بھارت 133، افغانستان 145 اور ایران 106 ویں نمبر پر ہے۔سروے کے مطابق عالمی درجہ بندی میں فن لینڈ کو دنیا کا ’’خوش ترین‘‘ ملک قرار دیا گیا ہے جہاں لوگ سب سے زیادہ خوش رہتے ہیں، جب کہ امریکا کے لوگ امیر ہونے کے باوجود خوش رہنے میں کنجوسی دکھاتے ہیں۔ رپورٹ میں 156 ممالک کی فی کس آمدنی، صحت مند زندگی، سماجی آزادی، سماجی تعاون اور بدعنوانی میں کمی کا جائزہ لیا گیا جس کے تحت یہ رپورٹ مرتب کی گئی۔فن لینڈ میں صحت وصفائی، اچھی تعلیم، مفت طبی سہولیات کے ساتھ متعدد بنیادی ضروریات کی عوام تک آسان رسائی کے باعث اس ملک کو سب سے زیادہ خوش رہنے والے ممالک میں سرفہرست رکھاگیا ہے۔گذشتہ برس 2017 میں سب سے زیادہ خوش رہنے والے افراد کی فہرست میں فن لینڈ پانچویں اور ناروے پہلے نمبر پر تھا جب کہ ریاست ہائے متحدہ امریکا گزشتہ برس 14 ویں نمبر تھا تاہم اس سال 4 درجہ تنزلی کے بعد امریکا 18 ویں پوزیشن پر آگیا ہے جب کہ برطانیہ 19 ویں اور متحدہ عرب امارات عالمی درجہ بندی میں 20 ویں نمبر پر ہے۔