لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک پاکستانی حجام نے بال کاٹنے کے اپنے منفرد انداز سے انٹرنیٹ پر لوگوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ 33 سالہ صادق علی کسی شخص کے بال کاٹنے کیلئے بیس منٹ کا وقت لیتے ہیں مگر خاص بات یہ ہے کہ وہ بال کاٹنے کیلئے ایک یا دو نہیں
بیک وقت 15 قینچیوں کا استعمال کرتے ہیں وہ دن بھر میں صرف 20 افراد کے بال کاٹتے ہیں اور پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی بھی انکے خاص گاہکوں میں شامل ہیں۔پندرہ سال سے حجام کی حیثیت سے کام کرنیوالے صادق علی کو پندرہ قینچیوں سے بال کاٹنے کی تکنیک میں مہارت حاصل کرنے میں پانچ سال کا عرصہ لگا جسے وہ ‘سپائسی ہیئر کٹ کا نام دیتے ہیں۔صادق علی نے یہ تکنیک اس وقت سیکھی جب ایک چینی حجام نے 2007 میں بیک وقت دس قینچیاں استعمال کر کے بال کاٹنے پر گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں جگہ بنائی جبکہ صادق علی کا مقصد اب سولہ قینچیوں کیساتھ بال کاٹ کر گنیز ورلڈ ریکارڈ بنانا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ انہیں اس مقصد کے حصول کیلئے کچھ زیادہ وقت نہیں لگے گا۔اس سے قبل مصر میں ایک حجام نے قینچیوں کی جگہ آگ کو سہارا بنا لیاتھا اور لوگوں کے من پسند اسٹائل آگ کے ذریعے ترتیب دینے لگا ہے۔مصری نائی کو بال کاٹنے، اسٹریٹ کرنے اور اسٹائل دینے کے لیے قینچی کی نہیں صرف آگ کی ضرورت ہوتی ہے۔قاہرہ سے تعلق رکھنے والے محمد حنفی نامی حجام کی مہارت کے باعث اس کی دکان پر لوگوں کا رش لگا رہتا ہے۔