اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) قربانی کے جانوروں کے ساتھ سیلفیوں کے بعد اب گوشت سے بنے مزیدار پکوانوں کے ساتھ سیلفیوں کا دور شروع ہو چکا ہے ، سوشل میڈیا پر عیدالاضحی کی مناسبت سے سیلفیوں کا جنون عروج پر نظر آتا ہے اسی دوران عازمین حج کی
سیلفیاں بھی سوشل میڈیا پر نظر آتی ہیں ، عازمین حج حجاز مقدس کے سفر کے دوران مقدس مقامات اور وہاں موجود اسلامی یادگاروں کے ساتھ سیلفیاں بناتے رہے ۔ اسی دوران ایک ایسی سیلفی سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وائرل ہو چکی ہے جس پر ایک ’’حاجی صاحب‘‘کو سال کی بہترین سیلفی بنانے کا اعزاز دیا جا رہا ہے ۔ حاجی صاحب نے ایسا کام کرتے ہوئے سیلفی بنا کر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی ہے جس کا کوئی وہم گمان بھی نہیں کر سکتا۔ حاجی صاحب نے فریضہ حج کی ادائےگی کے دوران جب شیطان کو کنکریاں مارنے پہنچے تو اس موقع پر سیلفی بنانا بھی ضروری سمجھا۔بس پھر کیا تھا، ایک ہاتھ میں سمارٹ فون تھاما اور دوسرے میں کنکر پکڑ کر شیطان کو مارنے کا سٹائل بنایا اورسیلفی بنا لی۔ ان کے اس انداز میں سیلفی لیتے ہوئے وہاں موجود ایک اور نامعلوم شخص نےان کی تصویر بنا کرسوشل میڈیا پرشیئر کر دی جو بہت زیادہ وائرل ہو چکی ہے اور حاجی صاحب کے اس سٹائل پر ہر کوئی حاجی صاحب کو سال کی بہترین سیلفی بنانے کے اعزاز کا حقدار قرار دے رہا ہے۔