ممبئی(نیو ز ڈیسک ) بھارت میں لڑکیوں کی بڑی تعداد کی شادیاں ان کے خاندان والے ہی طے کرتے ہیں لیکن ایک نوجوان دوشیزہ نے اپنی شادی کا عجیب و غریب اشتہار فیس بک پر شائع کرکے سب کی توجہ حاصل کرلی۔ تئیس سالہ اندوجا پلائی کے والدین نے اس کے لئے رشتہ ڈھونڈنے کے لئے اشتہار شائع کیا تھا جس کے جواب میں لڑکی نے فیس بک پر اپنا ویب پیج بنا کر اپنی عجیب وغریب تصاویر شائع کردی ہیں اور ساتھ مطلوبہ لڑکے کے لئے دلچسپ خصوصیات اور معیار بھی واضح کردیا ہے۔ اندوجا نے اپنی جنس ٹام بوائے لکھی ہے اور اس کا کہنا ہے کہ وہ چشمہ پہننے والی ایک مضحکہ خیز لڑکی ہے جس میں خواتین والی کوئی بھی بات نہیں ہے اور وہ شادی کرکے گھر بسانے والی خاتون نہیں ہے جبکہ کبھی بھی لمبے بال رکھنا پسند نہیں کرے گی۔ وہ کہتی ہے کہ اسے ایک ایسے لڑکے کی تلاش ہے جو باریش ہو اور دنیا کے سیرو سیاحت کا شوقین ہو، اچھی کمائی کرتا ہو اور اپنی ملازمت کو پسند کرتا ہو، اور تقریباً 30 منٹ تک دلچسپ گفتگو کرسکتا ہو۔ بچوں کو ناپسند کرنے والوں کو ترجیح دی جائے گی۔ اندوجا کا یہ بھی کہنا ہے کہ اگر آپ اس سے شادی کرنا چاہتے ہیں تو اس کا ویب پیج اپنے والدین کو ضرور دکھائیں اور اگر پھر بھی آپ دلچسپی رکھتے ہیں تو ہمت کریں اور فیس بک یا ٹویٹر پر اسے پیغام بھیجیں۔ اس دلچسپ لڑکی کو لگاتار شادی کے پیغام موصول ہورہے ہیں لیکن تاحال کسی کا انتخاب نہیں کیاگیا۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں