لندن(این این آئی)برطانیہ اور یورپ کے ممتاز طبی محققین نے کینسر کے علاج کے شعبے میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے
ایسی ذاتی نوعیت کی نئی ایم آر این اے ویکسین تیار کی ہے جو مریض کے اپنے مدافعتی نظام کو کینسر کے خلیات شناخت کر کے تباہ کرنے کی تربیت دیتی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانوی طبی تحقیقی ادارے کی جانب سے جاری تفصیلی رپورٹ میں بتایا گیا کہ سرجری کے بعد اس ویکسین کے استعمال سے مختلف اقسام کے خطرناک کینسر کے دوبارہ لوٹ آنے کے خطرے میں 45 فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ محققین نے اپنے بیانات میں کہا کہ روایتی کیموتھراپی کے برعکس یہ ویکسین صحت مند خلیات کو نقصان پہنچائے بغیر صرف متاثرہ خلیات کو نشانہ بناتی ہے جس سے علاج کے مضر اثرات بھی انتہائی کم رہتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق اس ویکسین کی آخری مرحلے کی وسیع پیمانے پر کلینیکل آزمائشیں جاری ہیں اور توقع ظاہر کی گئی ہے کہ آئندہ چند برسوں میں یہ علاج عام ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے دستیاب ہو سکے گا۔



















































