اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک )ضلع کشمور میں کوویڈ 19کے فرائض کے لئے تعینات ایک ڈاکٹر نے مالی مشکلات کی وجہ سے خودکشی کرلی ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ ایپیڈیمیک ایکٹ کے تحت گذشتہ سال کوویڈ کیخلاف خدمات سر انجام دینے والے ینگ ڈاکٹرز نے حکومت سے
مطالبہ کیا تھا کہ ان کی تنخواہوںکے معاملے پر نظر ثانی کی جائے۔ خودکشی کرنے والے ڈاکٹر قادر نواز جکھرانی کو کشمور کے ہیڈ کوارٹر اسپتال میں تعینات کیا گیا تھا۔ ڈاکٹرزفورم کے صدر ڈاکٹر حسین چانڈیو نے بتایا ہے کہ ڈاکٹر جکھرانی نے ایک ہفتہ پہلے اپنی جان لے لی تھی،”ہم نے میڈیا میں ڈاکٹر قادر نواز کی موت کو اجاگر نہیں کیا کیونکہ ہمارا خیال تھا کہ اس معاملے پر بھی سیاست کی جائے گی ۔ تاہم حال ہی میں ان کے اہل خانہ نے ہم سےکراچی میں رابطہ کیا اور بتایا کہ محکمہ صحت کی جانب سے پچھلے کچھ مہینوں سے ان کی تنخواہ کی ادائیگی کے مستقل انکار کے بعدانہوںنے مایوسی کے سبب یہ انتہائی اقدام اٹھایا۔