اسلام آبا د(این این آئی)این این آئیوفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے 7 سیکٹرز میں 10 دن کے لیے اسمارٹ لاک ڈائون نافذ کردیا گیا۔اسلام آباد انتظامیہ کے مطابق جی 6 ون، جی 6 ٹو، جی 7 ٹو، جی 8 ون، جی 9 ٹو، جی10 فور اور جی 11 تھری میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگا دیا گیا جس کا نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔نوٹیفیکیشن کے مطابق کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث اور ذیلی محکمہ صحت کی سفارش پر لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔نوٹیفیکیشن کے مطابق
تمام مارکیٹس، شاپنگ مالز، پرائیویٹ اور نجی دفاتر بند رہیں گے جبکہ ہر طرح کی نقل و حرکت پر بھی پابندی ہوگی۔ایک گاڑی میں ایک ہی شخص کو جانے کی اجازت ہوگی جبکہ تمام قسم کی مذہبی اور سماجی سرگرمیوں پر بھی پابندی ہوگی۔نوٹیفیکیشن کے مطابق کھانے پینے کی دکانیں اور پیٹرول پمپس کو صبح 9 سے شام 7 تک کام کی اجازت ہوگی۔میڈیکل اسٹورز، ہسپتال اور فارمیسز پر کوئی پابندی نہیں ہوگی جبکہ دودھ، چکن اور گوشت کی دکانیں بھی کھلی رہیں گی۔