اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی ڈرگ انسپکٹر نے پاکستانی سٹیزن پورٹل پر عوامی شکایات موصول ہونے کے بعد ڈاکٹری نسخے کے بغیر ادوایات کی فروخت پر پابندی عائد کردی۔ ڈرگ انسپیکٹر کی جانب سے جاری ہونے والا حکم نامہ اسلام آباد کے تمام میڈیکل اسٹورز، فارمیسیز اور ڈسٹری بیوٹرز کو ارسال کردیا گیا جس میں میڈیکل اسٹور پر فارمسٹ کی موجودگی لازمی قرار دی گئی ہے۔
حکم نامے میں تنبیہ کی گئی ہے کہ کوئی بھی میڈیکل اسٹور فارمسسٹ کی عدم موجودگی میں ادویات فروخت نہیں کرسکتا ، اسلام آباد کے ہرخاص وعام میڈیکل اسٹور سےادویات نہیں خریدسکےگا۔ ڈرگ انسپیکٹر نے میڈیکل اسٹورز مالکان کو ہدایت کی کہ وہ رجسٹرڈ ڈاکٹری نسخے پر ہی ادویات فراہم کریں اور اُس کا کا ریکارڈ رکھنے بھی لازمی اپنے پاس محفوظ رکھیں۔ حکم نامے کے مطابق وزیراعظم سٹیزن پروٹل پر بے پناہ عوامی شکایات موصول ہوئیں جس کے بعد حکم نامہ جاری کیا گیا، جو میڈیکل اسٹور اور ڈسٹری بیوٹر خلاف ورزی کرے گا اُسے فوری سیل کردیا جائے گا۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے عوامی شکایات کے ازالے کے لیے گزشتہ برس کے آخر میں پاکستان سٹیزن پورٹل کے نام سے موبائل ایپ متعارف کرائی گئی تھی جس کے ذریعے عوام آن لائن درخواستیں دائر کر کے اپنے مسائل حل کروارہے ہیں۔ سٹیزن پورٹل کی براہ راست مانیٹرنگ وزیراعظم خود کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ عوام کی جانب سے دائر درخواستوں پر فوری ایکشن لیا جاتا ہے اور اُن کے مسائل ہوتے ہیں۔