لاہور ( این این آئی) صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیرصدارت پرائم منسٹر ہیلتھ پراجیکٹس کے حوالہ سے انتہائی اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ پنجاب زاہد اختر زمان و متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں آٹھ اضلاع میں پرائم منسٹر ہیلتھ پراجیکٹس کی تکمیل پر رواں رفتار کا جائزہ لیاگیا۔سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ زاہد اختر زمان نے صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد کو آٹھ اضلاع میں جاری پرائم منسٹر ہیلتھ پراجیکٹس کی حالیہ صورتحال پر بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے اٹک، ڈی جی خان، جھنگ ،
قصور، میانوالی ، راجن پور، لودھراں اور چنیوٹ میں عوام کی سہولت کی خاطر جاری پرائم منسٹر ہیلتھ پراجیکٹس کی جاری صورتحال کا جائزہ لیا۔صوبائی وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق پنجاب کے ہسپتالوں میں مریضوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت کے پہلے سو دن کے ایجنڈا کے تحت پنجاب کے شعبہ صحت میں بہترین کارکردگی رہی۔ صوبائی وزیر نے مزیدکہاکہ صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں مریضوں کیلئے بہترین بنیادی طبی سہولیات کو یقینی بنایا جارہاہے۔