امریکا(مانیٹرنگ ڈیسک) کیا آپ اپنے دماغ کو بڑھتی عمر کے ساتھ خطرناک امراض سے بچانا چاہتے ہیں؟ تو بس نیند پوری کرنا عادت بنالیں۔ یہ بات ایک نئی امریکی طبی تحقیق میں سامنے آئی ہے۔ واشنگٹن یونیورسٹی اسکول آف میڈیسین کی تحقیق میں بتایا گیا کہ نیند کی کمی دماغ میں زہریلے مواد کے اجتماع کا عمل تیز کردیتی ہے جو دماغی تنزلی کا باعث بننے والے مرض ڈیمینشیا کا باعث بنتا ہے۔
ایک رات کی خراب نیند اور الزائمر امراض کے درمیان تعلق دریافت ہوچکا ہے مگر اب تک یہ معلوم نہیں تھا کہ نیند کی کمی اس مرض کا باعث کیوں بنتی ہے۔ اس نئی تحقیق میں انسانوں اور چوہوں میں دریافت کیا گیا کہ نیند کی کمی الزائمر کا باعث بننے والے پروٹین کی سطح کو بڑھا دیتے ہیں۔ محققین نے چوہوں پر کیے جانے والے تجربات میں دریافت کیا کہ بے خوابی اس پروٹین کے زہریلے اجتماع کے پھیلنے کا عمل تیز کردیتی ہے۔ طبی جریدے جرنل سائنس میں شائع تحقیق کے مطابق نیند کی کمی اس دماغی مرض کا خطرہ بڑھانے کا باعث بنتی ہے تو اچھی نیند دماغی صحت کو برقرار رکھنے میں مدد دے سکتی ہے۔ محققین کا کہنا تھا کہ نتائج جسے معلوم ہوتا ہے کہ نیند کی کمی کتنی تیزی سے دماغ میں اس مرض کے پھیلنے کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ہم جانتے تھے کہ نیند کے مسائل اور الزائمر کے درمیان تعلق موجود ہے مگر اس تحقیق سے معلوم ہوتا کہ نیند متاثر ہونے سے ایمیلوئیڈ بیٹا کے ساتھ ساتھ ٹاﺅ نامی پروٹین بھی تیزی سے پھیلتا ہے جس سے الزائمر کا مرض لاحق ہوسکتا ہے۔ تحقیق کے مطابق انسانی دماغ کو دن بھر کے تناﺅ کے اثر سے نکلنے کے لیے وقت درکار ہوتا ہے جو اسے نیند کے دوران ملتا ہے۔ یہ ٹاﺅ نامی پروٹین عام طور پر دماغ میں موجود ہوتا ہے اور صحت مند افراد میں بھی ہوتا ہے مگر کچھ مخصوص حالات میں اس کا اجتماع ہونے لگتا ہے جو دماغی افعال کو متاثر کرسکتا ہے۔ خیال رہے کہ الزائمر کا علاج اب تک سامنے نہیں آسکا بس اسے کنٹرول میں رکھنے کے لیے ادویات کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔