کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) اٹلی کی قونصل جنرل اینا روفینو نے اپنے ملک کے ماہرین اطفال کے ہمراہ قومی ادارہ برائے امراضِ اطفال کراچی کا دورہ کیا ، اس دورے کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تکنیکی روابط بڑھانا ہے۔ تفصیلات کےمطابق اٹلی کے طبی ماہرین کی ٹیم جب قونصل جنرل اینا روفینو کی قیادت میں قومی ادارہ برائے امراضِ اطفال پہنچی تو ادارے کے سربراہ ڈاکٹر جمال رضا نے ان کا استقبال کیا۔
اور انہیں اسپتال کا دورہ کروایا۔ اس موقع پر ڈاکٹر جمال رضا کا کہنا تھا کہ خیرسگالی کے اس دورے کا بنیادی مقصد اٹلی کے ماہرین صحت برائے اطفال کو پاکستان میں بچوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کی صورتحال سے آگاہ کرنا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کے لیے دنیا کے بہترین ہیلتھ سینٹرز کا مسلسل رابطے میں رہنا ضروری ہے، اس سے کسی ہنگامی نوعیت کے کیس کو فوراً حل کرنے میں مدد ملتی ہے اور مریضوں کو بہتر طبی امداد فراہم کی جاسکتی ہے۔ اس موقع پر اٹلی کی قونصل جنرل اینا روفینو کا کہنا تھا کہ یہاں آکر بے حد خوشی ہوئی، این آئی سی ایچ کے ڈاکٹرز اور عملہ انتہائی دل جوئی اور جانفشانی سے مریضوں کی خدمت کررہا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ جلد ہی این آئی سی ایچ اور اٹلی کے اسپتال کے درمیان معاہدہ یقینی بنائیں گے جس کے تحت یہاں کے ڈاکٹرز اور عملے کو اٹلی بھیجا جائے گا، اور اٹلی کے ڈاکٹر اور طبی عملہ یہاں آکر تربیت حاصل کریں گے ۔ اس معاہدے کا مقصد یہ ہے کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کی مہارتوں سے فائدہ اٹھا سکیں۔