اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ورزش کرنا صحت کیلئے فائدہ مند ہے لیکن ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا کہ حد سے زیادہ جسمانی سرگرمیاں نقصان بھی پہنچا سکتی ہیں۔ طبی جریدے دی لانسیٹ سائیکاٹری میں شائع تحقیق میں بتایا گیا کہ ورزش ذہنی صحت بہتر کرنے کے ساتھ ڈپریشن سے بچانے میں مددگار ہے۔مگر اس کا دورانیہ اس حوالے سے اہمیت رکھتا ہے۔ یالے یونیورسٹی کی تحقیق کے دوران 12 لاکھ سے زائد افراد کی ورزش کے دورانیے اور جسم و ذہن پر مرتب ہونے والے اثرات
کا جائزہ لیا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ جو لوگ ورزش کرتے ہیں ان میں ڈپریشن اور دیگر ذہنی امراض کا خطرہ دیگر کے مقابلے میں بہت کم ہوتا ہے۔ اس حوالے سے ہفتے میں تین سے 5 بار 45 منٹ کی ورزش بہت زیادہ فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔ مگر محققین نے یہ بھی دریافت کیا کہ بہت زیادہ ورزش کرنا دماغی صحت کے لیے تباہ کن ہے۔جو لوگ بہت زیادہ ورزش کرتے ہیں ان میں ذہنی صحت کے لیے مسائل جیسے کھانا بہت زیادہ کھانا، ڈپریشن یا کسی چیز کی لت کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔