امریکا (مانیٹرنگ ڈیسک) اگر رات کو بستر پر کروٹیں بدلتے رہتے ہیں مگر نیند کے آثار دور دور تک نظر نہیں آتے؟ تو کاغذ اور قلم اٹھائیں اور اگلے دن کی مفروضہ مصروفیات کو تحریر کرنا آپ کو منٹوں میں سونے میں مدد دے گا۔ یہ بات امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ بیلور یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ سونے سے پہلے صرف پانچ منٹ نکال کر ٹو ڈو لسٹ لکھنے میں لگائیں،ایسا کرنا جلد میٹھی نیند سونے
میں مدد دیتا ہے۔ مزید پڑھیں : بے خوابی سے نجات دلانے والے 6 عام طریقے اس سے پہلے یہ بات سامنے آچکی تھی کہ عام حالات میں لکھنا بھی ذہنی تناﺅ کی سطح کم کرتا ہے اور لوگوں کو اپنے کام موثر طریقے سے کرنے میں مدد دیتا ہے۔ تاہم اس نئی تحقیق یہ دیکھا گیا کہ بے خوابی کے شکار افراد کے لیے یہ طریقہ کار کتنا کارآمد ثابت ہوتا ہے۔ اس مقصد کے لیے پچاس سے زائد 18 سے تیس سال کے صحت مند افراد کی نیند کی عادات کا جائزہ لیا گیا۔ ان میں سے نصف رضاکاروں کو سونے سے قبل پانچ منٹ ٹو ڈو لسٹ لکھنے کے لیے کہا گیا جبکہ دیگر کو گزرے ہوئے دن کے معمولات تحریر کرنے کا کہا گیا۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ جو لوگ ٹو ڈو لسٹ لکھ رہے تھے وہ دیگر کے مقابلے میں نو منٹ پہلے میٹھی نیند کے مزے لیتے تھے۔ یہ بھی پڑھیں : بے خوابی کا شکار بنانے والی عام عادت محققین کا کہنا تھا کہ لوگ جتنا وقت اس طرح کی فہرست کو تحریر کرنے میں لگاتے ہیں، اتنا ہی ان کا جلد سونے کا امکان بڑھ جاتا ہے، بلکہ لیٹتے ہی سوجاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ فائدہ فہرست تحریر کرنے میں ہی ہوتا ہے، دماغ میں سوچنا جلد سونے میں مدد نہیں دیتا۔ محققین نے مشورہ دیا کہ اگر آپ کو بھی اکثر رات کو سونے میں مشکل کا سامنا ہوتا ہے تو اس تجربے کو ضرور آزما کر دیکھیں، جس پر کوئی خرچہ بھی نہیں ہوتا اور فائدہ بھی فوری ہوتا ہے۔ اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے جرنل آف ایکسپیرمنٹل سائیکولوجی میں شائع ہوئے۔