اسلام آباد (آئی این پی)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ امراض چشم سے متعلق سنٹر آف ایکسی لینسی کے قیام میں بھرپور تعاون کیا جائے گا اور اس سنٹر کے قیام سے ماہرین امراض چشم کی اہلیت میں اضافہ ہو گا۔ یہ بات انہوں نے اوپتھلمولوجیکل سوسائٹی
کے وفد سے بات کرتے ہوئے کہی جس نے پروفیسر ضیا الاسلام، صدر سوسائٹی ہذٰا کی سربراہی میں ایوان صدر میں صدر ممنون حسین سے ملاقات کی۔ وفد کے دیگر اراکین میں ڈاکٹر محفوظ حسین، جنرل سیکرٹری سوسائٹی، پروفیسر شاہدوہاب، پروفیسرمحمد داؤدخان، پروفیسر محمد مظہر قیوم، پروفیسر مظہر اسحاق، پروفیسر امتیاز علی شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام شامل تھے۔صدر ممنون حسین نے کہا کہ قرنیہ ٹرانسپلانٹ کے سلسلے میں ضروری قانون سازی کرائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ معیاری علاج کے لیے تحقیق ناگزیر ہے اس لیے سنٹر کے قیام کے لیے نجی شعبے کو بھی متحرک کیا جائے۔ انہوں نے اوپتھلمولوجیکل سوسائٹی آف پاکستان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ماہرین امراض چشم کے اضافے اور ملک سے نابینا پن ختم کرنے میں سوسائٹی کا اہم کردار ہے اور امیدہے کہ ان یہ کوششیں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔صدرمملکت نے کہا اس سلسلے میں حکومت سوسائٹی سے ہر ممکن تعاو ن کرے گی۔ وفد نے سوسائٹی کے معاملات میں دلچسپی لینے پر صدرممنون حسین کا شکریہ ادا کیا۔