اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)آپ کو مکڑیاں دیکھ کر ڈر لگتا ہو یا نہ ہو مگر آٹھ ٹانگوں والی یہ مخلوق گھروں میں دندناتی پھرتی ہے، چھتوں پر جالے بناتی ہے اور اکثر انہیں دیکھنا کوئی خوشگوار تجربہ تو نہیں ہوتا۔ عام
طور پر یہ مکڑیاں غذا یا گرم جگہ کی تلاش میں خزاں کے دوران گھروں کا رخ کرتی ہیں جبکہ گرمیوں میں کھلی کھڑکیاں انہیں راستہ دکھاتی ہیں۔ مگر گھروں کو مکڑیوں سے صاف کرنا، وہ بھی زیادہ محنت کیے بغیر کتنا ممکن ہے ؟ تو اس کا جواب ہے کہ یہ کچھ زیادہ مشکل بھی نہیں۔ کیمیکلز اور دیگر کیڑے مار ادویات بھی اس کے لیے استعمال کی جاسکتی ہیں مگر یہ صحت کے لیے نقصان بھی ثابت ہوسکتی ہیں۔ تو اگر آپ بھی گھر سے مکڑیوں سے نجات چاہتے ہیں تو درج ذیل آسان اقدامات کو آزما کر دیکھیں۔ صفائی کا خیال رکھیں، اگر تو ویکیوم کلینیر ہو تو اسے ایسے مقامات جیسے سنک یا واش بیسن کے نیچے، الماری کے پیچھے یا بڑے فرنیچر کے نیچے یا پیچھے ضرور استعمال کریں، تاہم وہ نہ ہو تو بھی جھاڑو اس مقصد کے لیے استعمال کی جاسکتی ہے۔ نمایاں نظر آنے والے جالوں کو صاف کرنا بھی معمول بنالیں۔دیواروں میں دراڑوں کو بھر دیں، پائپوں اور دروازوں کے نیچے خلاءکو بھی بھرنا مکڑیوں کو گھر میں داخل ہونے سے روکتا ہے۔ اس بات کو یقینی بنائیں کہ گھر میں لکڑی کے ڈھیر، کھاد کے ڈھیر یا ایسے کسی بھی چیز کے ڈھیر کو گھر کے قریب جمع نہ ہونے دیں۔ گھر میں مکھیوں یا دیگر کیڑوں کی آمد روکنا بھی مکڑیوں کو گھروں میں سے دور رکھنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے، کیونکہ خوراک کے بغیر ان کے لیے اپنی بقاءمشکل ہوتی ہے۔