پانامہ سٹی(مانیٹرنگ ڈیسک) وسطی امریکہ کے ملک پانامہ کی ایک وجہ شہرت سے تو ہم آگاہ ہیں ہی، لیکن اب ماہرین نے وہاں ایک ایسی حیران کن دریافت کرلی ہے جس نے دنیا کی میڈیکل تاریخ ہی بدل کر رکھ دی ہے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق ماہرین نے پانامہ میں ایک قدیم ترین قبر دریافت کی ہے جس میں حیران کن طور پر نوعمر لڑکی کو اوندھے منہ، ماں کے پیٹ میں موجود بچے کے انداز میں دفن کیا گیاہے۔ ماہرین کے مطابق اس لڑکی کی موت آج سے 800سال قبل ہوئی تھی اور جس علاقے سے یہ قبر دریافت ہوئی ہے اس کا نام سیرو بروجو یا جادوگر پہاڑی ہے۔
ماہرین نے بتایا ہے کہ اس لڑکی کی عمر 14سے 16سال ہو گی جب اس کی موت واقع ہوئی۔ اس دریافت میں سب سے حیران کن بات یہ تھی کہ اس لڑکی کی موت کینسر سے ہوئی تھی۔ اس قدر قدیم زمانے کے لوگوں کی باقیات میں پہلی بار کینسر کے آثار ملے ہیں۔ یہ تاریخ کا ایک انوکھا واقعہ ہے۔جس سے معلوم ہوا ہے کہ8 سو سال قبل بھی وسطی امریکہ کے علاقوں میں کینسر کا مرض موجود تھا۔ اس لڑکی کے دائیں بازو پر کینسر کا ٹیومر تھا جس کے واضح شواہد اس کی باقیات کے تجزئیے سے ملے ہیں۔لڑکی کی باقیات کے پاس سے مٹی کے دو برتن اورسمندری سیپیوں سے بننے والا ایک باجا بھی برآمد ہوا ہے۔ ماہرین کے مطابق یہ اس وقت کی روایت تھی کہ لوگوں کو دفن کرتے وقت یہ چیزیں ان کے ساتھ دفن کرتے تھے۔