واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن نے جراثیم کش صابنوں میں استعمال ہونے والے کئی کیمیائی عناصر پر پابندیاں عائد کردیں۔ فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایف ڈی اے نے کہا ہے کہ جراثیم کش صابنوں میں استعمال ہونے والے کم از کم 19 عناصر صحت کیلئے نقصان دہ ہیں۔ ایف ڈی اے کے مطابق ان صابنوں میں ٹرائی کلوسان اور ٹرائی کلوکاربان جیسے عناصر شامل کئے جاتے ہیں جو انسان کے قوت مدافعت کے نظام کیلئے نقصان دہ ثابت ہوئے ہیں۔ ایف ڈی اے کی ڈائریکٹر جینٹ وڈ کاک نے بتایا کہ صارفین یہ سوچتے ہیں کہ اینٹی بیکٹیریل صابن زیادہ موثر ہے تاہم ہمارے پاس ابھی تک سائنسی شواہد موجود نہیں کہ یہ صابن عام صابن کے مقابلے میں زیادہ بہتر ہوتے ہیں۔ درحقیقت اعدادوشمار سے واضح ہوا ہے کہ انٹی بیکٹریل صابن میں استعمال ہونے والے مواد سے بہتری کی بجائے انسانی صحت پر مضر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ دوسری جانب امریکن کلینگ انسٹی ٹیوٹ نے ایف ڈی اے کے دلائل سے عدم اتفاق کا اظہار کیا ہے ۔ انسٹیٹیوٹ کا کہنا ہے کہ ایسے صابن کا استعمال محفوظ ہے ۔ انسٹیٹیوٹ کی طرف سے جاری بیان میں کہاگیا ہے کہ صحت عامہ کے حوالے سے انٹی بیکٹیریل صابن کا استعمال اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس طرح کے صابن کے استعمال سے بیکٹیریا کی کئی اقسام کے پھیلائو کو روکنے میں مدد ملی ہے۔