بوسٹن(نیوز ڈیسک) چائے کو مہمان نوازی کالازمی جزو سمجھاجاتاہے مگر اس کی افادیت کے بارے میں مختلف آراءپائی جاتی ہیں اور بعض لوگ اسے توانائی اور تروتازگی کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے تو کچھ اسے مضر صحت قرار دیتے ہیں۔ حال ہی میں کی گئی ایک تحقیق سے ثابت ہواہے کہ اگر روزانہ تقریباً تین کپ چائے پی جائے تو ذیا بیطس کا خطرہ کم ہوجاتا ہے۔ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ سیاہ چائے میں گلوکوز کو کم کرنے کی صلاحیت پائی جاتی ہے جو ٹائپ ٹو ذیا بیطس پر قابو پانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے۔ روزانہ تقریباً تین کپ چائے خون میں شوگر کی مقدار کو بھی کنٹرول کرتے ہیں۔ یہ تحقیق جاپانی اور امریکی سائنسدانوں نے کی ہے جس میں چائے کے پتوں کو ابلتے ہوئے پانی میں ڈال کر ان کے اجزاءکا تجزیہ کیا گیا تھا۔ اس تجزیے سے معلوم ہوا کہ چائے میں پائے جانے والے قدرتی پولی فینول اجزائ خون میں شوگر کی مقدار کو کم کرتے ہیں۔ یہ اجزائ قدرتی اینٹی آکسیڈنٹ کے طور پر کام کرتے ہیں جو خون میں شوگر کی مقدار کو بڑھانے والے خامروں کو روک دیتے ہیں۔