اسلام آباد/لاہور ( این این آئی) ملک بھر میں ہیپا ٹائٹس ، شوگر ، کینسر ، ٹی بی اور امراض گردہ سمیت 70ہزار ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا ، ادویہ ساز کمپنیوں کو قیمتوں میں اضافے سے 15روز پہلے اطلاع دینی ہو گی جس کے بعد اضافے کا اطلاق کیا جائیگا جبکہ عدالت سے حکم امتناعی لینے والی ادویہ ساز کمپنیوں پر اضافے کا اطلاق نہیں ہو گا ۔ تفصیلات کے مطابق ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے ادویات کی قیمتوں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق ہیپا ٹائٹس ، شوگر ، کینسر ، امراض گردہ ، اینٹی بائیوٹیک ، ان ہیلر ، ٹیکوں کی قیمت میں 1.43فیصد ،ملٹی وٹامن ، درد اور فالج کی ادویات کی قیمت میں 2فیصد اضافہ کر دیا گیا ہے جبکہ اس کے ساتھ کم قیمت والی ادویات کی قیمتوں میں بھی 1.86فیصد اضافہ کیا گیا ہے ۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ادویہ ساز کمپنیوں کو اپنی ادویات کی قیمتوں میں اضافے کے لئے 15روز پہلے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو اطلاع دینا ہو گی جس کے بعد قیمتوں میں اضافے کا اطلاق کیا جائیگا ۔