جوہانسبرگ(نیوز ڈیسک) ساؤتھ افریقہ کے شہر ڈربن میں ایچ آئی وی ایڈز کے بارے میں معلومات اور آگہی کے لیے ایک بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں دنیا بھر سے 18 ہزار سائنسدانوں، سیاستدانوں اور سماجی کارکنان نے شرکت کی۔ اس سے چند روز قبل برطانیہ کے شہزادہ ہیری بھی ایڈز سے آگہی کے لیے اپنا ایچ آئی وی ٹیسٹ کروا چکے ہیں۔اسی سال کیے جانے والے ایک اور سروے میں 16 ممالک کے 52 ہزار نوجوانوں کو شامل کیا گیا۔ ان میں سے 68 فیصد نوجوانوں نے ایچ آئی وی ٹیسٹ کروانے سے انکار کردیا کیونکہ یا تو وہ اس کی مثبت رپورٹ آنے سے ڈر رہے تھے یا ایڈز کے حوالے سے پائے جانے والے سماجی رویے سے خوفزدہ تھے۔دوسری جانب لندن میں شہزادہ ہیری نے بھی اپنا ایچ آئی وی ٹیسٹ کروایا جو منفی نکلا۔ وہ ایچ آئی وی کے خلاف چلائی جانے والی ایک آگاہی مہم کا حصہ ہیں اور یہ ٹیسٹ اسی مہم کی ایک کڑی ہے۔ٹیسٹ کے بعد انہوں نے بتایا کہ رپورٹ آنے سے قبل وہ ہچکچاہٹ کا شکار تھے اور تھوڑے خوفزدہ بھی تھے کہ ان کی کیا رپورٹ آئے گی۔ تاہم ٹیسٹ کی منفی رپورٹ آنے کے بعد انہوں نے سکھ کا سانس لیا۔شہزادہ ہیری کے ایچ آئی وی ٹیسٹ کروانے کا مقصد دراصل یہ باور کروانا تھا کہ یہ ٹیسٹ نہایت ہی سادہ، آسان اور کم وقت میں بغیر کسی تکلیف کے کیا جاسکتا ہے۔ اس ٹیسٹ کے ذریعہ انہوں نے لوگوں کو ترغیب دی کہ وہ بھی اپنا ایچ آئی وی ٹیسٹ کروائیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی قسم کی پیچیدگیوں سے بچا جا سکے۔