لاہور ( مانیٹرنگ ڈیسک) اگر آپ درست غذا کھارہے ہیں اور ورزش بھی کررہے ہیں تب بھی صحتمند رہنے کے لیے ضروری ہے کہ آپ مناسب وقت اندھیرے میں گزاریں اور مصنوعی روشنیوں سے دور رہیں۔تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ رات کے وقت کسی بلب وغیرہ کی مسلسل روشنی آپ کی صحت پر مضر اثرات مرتب کرتی ہے اور مسلسل روشنیوں میں گھرے رہنا جانداروں کے لیے مضرثابت ہوتا ہے۔ماہرین کی جانب سے چوہوں پر کیے گئے تجربات میں انہیں قدرتی (سورج کی )روشنی اور پھر مصنوعی (بلب وغیرہ کی)روشنی میں رکھا گیا لیکن انہیں اندھیرے میں نہیں رکھا گیا، یہ سلسلہ کئی ماہ تک جاری رہا تو معلوم ہوا کہ چوہوں کا دماغ بری طرح متاثر ہوا اور ان کی ہڈیاں اور پٹھے کمزور ہونے لگے جب کہ چوہے بڑی تیزی سے جراثیم کے شکار ہونے لگے اور ان کے بدن کا دفاعی نظام پر کمزور ہونے لگا۔ماہرین کے مطابق جیسے ہی چوہوں کو معمول کے تحت روشنی اور اندھیرے میں رکھا گیا تو 2ہفتوں بعد چوہے دوبارہ صحت مند ہونے لگے اور صحت بہتر ہونے لگی جس سے ثابت ہوتا ہے کہ انسانوں کے لیے اندھیرا بھی بہت ضروری ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ 24گھنٹوں میں روشنی اور اندھیرے کا دورانیہ انسانوں کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے کیونکہ یہ انسان کی اندرونی گھڑی کو درست رکھتا ہے۔ ماہرین نے تشویش کا اظہار کیا ہے کہ دنیا کی 75فیصد آبادی رات کے وقت بھی مصنوعی روشنیوں کی زد میں رہتی ہے اور اس طرح ان کی صحت متاثر ہورہی ہے۔ اس کے علاوہ اسپتالوں میں نرس، ڈاکٹر، رات کے وقت کام کرنے والے افراد دن رات ہی روشنیوں میں گھرے ہوتے ہیں اور اس طرح ان کی صحت متاثر ہوسکتی ہے۔