اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ایک کیلا روزانہ بینائی کے لیے بہتریناگر تو آپ کو کیلے کھانا پسند ہے تو اچھی خبر یہ ہے کہ اس پھل کو کھانے کے نتیجے میں آنکھوں کی صحت بہتر اور عمر بڑھنے کے ساتھ بینائی کے امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ یہ دعویٰ آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔ کوئنز لینڈ یونیورسٹی کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ کیلوں میں ایک جز کیروٹین پایا جاتا ہے جو پھلوں اور سبزیوں کو مختلف رنگ جیسے سرخ یا زرد میں بدلتا ہے، اور یہ جز جسم میں جانے کے بعد وٹامن اے میں بدل جاتا ہے جو آنکھوں کی صحت کے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے۔ اس سے پہلے مختلف تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ کیروٹین مخصوص اقسام کے کینسر، خون کی شریانوں کے امراض اور ذیابیطس وغیرہ سے بھی تحفظ دینے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔ اب اس آسٹریلین تحقیق کے مطابق کیلے کیروٹین سے بھرپور ہوتے ہیں جو جسم میں وٹامن اے کی کمی کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں جو بینائی کے لیے بہت اہم ہے۔ محققین نے اس حوالے سے کیلوں کی 2 اقسام کا تجزیہ کرکے جانا کہ ان میں کیروٹین کی مقدار مختلف ہوتی ہے یا نہیں۔ نتائج سے معلوم ہوا کہ ایک کیلا روزانہ کھانے سے عمر بڑھنے کے ساتھ بینائی کو لاحق ہونے والے امراض کی روک تھام میں مدد مل سکتی ہے۔