برمنگھم(نیوزڈیسک)تحقیق میں شامل فربہ افراد جنھوں نے کھانے سے آدھے گھنٹے پہلے دو گلاس پانی پیا تھا، انھوں نے 12 ہفتوں کے دوران اوسطاً 4.3 کلو گرام وزن کم کر لیا۔ایک نئی تحقیق کا نتیجہ بتاتا ہے کہ اگر آپ وزن میں کمی کرنے کےخواہشمند ہیں تو کھانے سے قبل پانی پینا موٹاپے کو کم کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔برمنگھم یونیورسٹی کے محققین نے ایک سائنسی تجزیہ سے ثابت کیا ہے کہ کھانے سے آدھے گھنٹے پہلے پانی پینے کا فائدہ وزن میں کمی کی صورت میں ظاہر ہو سکتا ہے۔سائنس دانوں کا مطالعہ جریدہ ‘جرنل اوبیسٹی’ میں شائع ہوا جس سے پتا چلا کہ کھانے سے قبل دو گلاس یا 16 اونس پانی پینے سے وزن میں نمایاں کمی واقع ہوتی ہے اور کھانے سے پہلے پانی پینے سے پیٹ بھرا ہوا محسوس ہوتا ہے،جس کی وجہ سےچاہتے ہوئے بھی زیادہ کھانا نہیں کھایا جاسکتا ہے۔تحقیق کار مطالعے میں دیکھنا چاہتے تھے کہ کیا کھانے سےقبل پانی پینے سے موٹاپے کا شکار افراد کو اپنا وزن کم کرنے میں مدد مل سکتی ہے اور مطالعے کےشواہد سے ظاہر ہوا کہ یہ سادہ حل انتہائی مفید ثابت ہوسکتا ہے۔تحقیق میں شامل فربہ افراد جنھوں نے کھانے سے آدھے گھنٹے پہلے دو گلاس پانی پیا تھا، انھوں نے 12 ہفتوں کے دوران اوسطاً 4.3 کلو گرام وزن گھٹا لیا۔مطالعہ 80 سے زائد بالغ فربہ افراد پر تھا، جنھیں ڈاکٹر کے کلینک سے بھرتی کیا گیا تھا اور 12 ہفتوں تک ان کی نگرانی کی گئی، تجربے کے دوران شرکاءکا وزن ابتدا، درمیان اور اختتام میں چیک کیا گیا۔ماہرین نے شرکاء سے وزن کم کرنے کے بارے میں مشاورت کی اور انھیں صحت مند غذا کھانے اور جسمانی سرگرمیاں بڑھانے کی ہدایات دیں۔تین ماہ تک جاری رہنے والے تجربے کے دوران شرکاءکی نصف تعداد سے کہا گیا کہ وہ کھانے سے آدھے گھنٹے قبل دوگلاس پانی سے پیٹ بھریں اور باقی نصف لوگوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ کھانے سے پہلے پیٹ بھرا ہونے کا تصور کریں اور کم کھانا کھائیں۔شرکاء جنھوں نے دن میں تین کھانوں سے پہلے دو گلاس پانی پیا تھا، انھوں نے تین ماہ، کے دوران 4.3 کلو گرام وزن کم کیا جبکہ دوسرے گروپ جس میں شامل شرکاء نے صرف ایک کھانے سے پہلے یا دن کے تینوں کھانوں سے پہلے پانی نہیں پیا تھا،انھوں نے صرف اوسطا 0.8 کلو گرام وزن کم کیا۔ماہرین نے شرکاء کو سادہ پانی پینے کی ہدایت کی تھی جبکہ سوڈا اور میٹھے مشروبات پینے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔برمنگھم یونیورسٹی کے شعبہ نیشنل انسٹی ٹیوٹ فار ہیلتھ ریسرچ کلینیکل سے وابستہ پروفیسر ہیلن پاریٹی نے کہا کہ ”نتائج کی خوبصورتی اس کی سادگی میں ہے۔””بس آپ کے تین کھانوں سے پہلے 16 اونس پانی پینا، آپ کے وزن کو کم کرنے میں مدد کر سکتا ہے، یہ ایک سادہ حل ہے جسے ہماری مصروف زندگی میں شامل کرنے کے لیے زیادہ کچھ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔”محققین نے بتایا کہ جب جسمانی سرگرمیوں کی سطح اور صحت مند غذا کے مشوروں پر عمل کرنے والے شرکاءکے نتائج کو دیکھا گیا تو پتا چلا کہ انھوں نے اعتدال اور صحت مند شرح کے ساتھ وزن میں مزید کمی کی تھی۔