برلن (مانیٹرنگ ڈیسک) آدھے سر کا درد خواتین کے دل کے امراض میں مبتلا ہونے کے خطرات میں 50 فیصد اضافہ کا باعث ہے۔ یہ بات جرمن ماہرین نے اپنی ایک رپورٹ میں کہی۔ رپورٹ کی تیاری کیلئے جرمنی اور امریکہ میں متعدد ہسپتالوں میں تعینات نرسوں کے ذریعے ایک لاکھ 15 ہزار خواتین سے متعلق اعدادوشمار کا تجزیہ کیا گیا جن کی عمریں 25 سے 42 سال کے دوران تھی ڈاکٹرز نے اس میں سے 17 ہزار 531 خواتین کے آدھے سر کے درد میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی۔1989 اور 2011 کے دوران ان میں سے 1329 خواتین دل کے امراض میں متبلا ہوگئیں اور 223 کا انتقال انہیں امراض کے نتیجہ میں ہوا۔ ماہرین نے دیگر خواتین کے ساتھ موازنے کے بعد اندازہ لگایا کہ آدھے سر کے درد میں مبتلا خواتین کا دل کے امراض میں مبتلا ہونے کا خطرہ دیگر خواتین کے مقابلے میں 50 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔ ڈاکٹر کے مطابق آدھے سر کا درد خواتین میں دل کے دورے کے خطرات میں 39 فیصد ، فالج کے خطرات میں 62 فیصد اور انجائنا کے خطرات میں 73 فیصد اضافہ کردیتا ہے۔