اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں خون کا عطیہ کرنے والوں کا عالمی دن منگل کو منایا گیا جس کا مقصد عطیہ خون کی اہمیت اور حادثات اور امراض کے باعث خون کی کمی کے شکار افراد کی زندگیوں کو بچانے کے لئے شعور اجاگر کرنا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں عطیہ خون کی رضاکارانہ شرح 25 فیصد سے کم ہے اور یہاں پر 20 فیصد خون رضاکارانہ طور پر عطیہ کیا جاتا ہے۔ ہلال احمر پاکستان کی رپورٹ کے مطابق ملک میں جمع ہونے والے خون کا 70 فیصد تھلیسیمیا کے بچوں کو لگایا جاتا ہے۔ صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی ملک کی خون کی ضرورت پوری کرنے کیلئے مجموعی ملکی آبادی کے ایک سے 3 فیصد حصے کو خون کا عطیہ کرنا چاہئے