لاڑکانہ(این این آئی) لاڑکانہ میں ایچ آئی وی ایڈز کا مریض چانڈکا اسپتال میں دم توڑ گیا، گذشتہ 8 سالوں میں ایچ آئی وی ایڈز میں مبتلا جانبحق مریضوں کی تعداد 98 تک پہنچ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاڑکانہ شہر کے اللہ آباد محلے کا مکین 18 سالہ نوجوان احمد علی شیخ ایچ آئی وی ایڈز کے مرض میں مبتلا تہا جس کی حالت تشویش ناک ہونے پر تین روز قبل اسے چانڈکا اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں داخل کرایا گیا تہا جہاں پر وہ آج دم توڑ گیا۔ واقعے کے بعد احمد علی کے ورثا میں غم اور غصے کی لہر چہاگئی۔ ان کے بہائی قمرالدین شیخ اور دیگر ورثا نے چانڈکا اسپتال کے ڈاکٹرز پر مناسب علاج کی سہولیات فراہم نہ کرنے کا الزام لگایا اور کہا کہ اگر احمد علی کو بہتر علاج فراہم کیا جاتا تو شاید وہ بچ سکتا تھا۔ واضع رہے کے اس واقعے کے بعد لاڑکانہ میں گذشتہ 8 سالوں کے اندر ایچ آئی وی ایڈز کے جانبحق مریضوں کے تعداد 98 تک جا پہنچی ہے۔ ایچ آئی وی ایذز کنٹرول پروگرام کے ذرائع کے مطابق لاڑکانہ اس وقت سندہ میں کراچی کے بعد ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کے حوالے سے دوسرے نمبر پر ہے۔ لاڑکانہ میں 8 سالوں کے اندر ایچ آئی وی ایڈز کے 1035 مریض رجسٹرڈ کئے گئے۔ تاہم ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت چانڈکا اسپتال میں قائم انسداد ایڈز کے مرکز میں ماہرین اور علاج کی سہولیات کا شدید فقدان پایا جاتا ہے۔