اسلام آباد(نیوز ڈیسک)طبی ماہرین نے کہا ہے کہ پالک ایک ایسی سبزی ہے جس میں بے شمار قدرتی غذائی اجزاءپائے جاتے ہیں۔ پالک میں وٹامن کے، وٹامن اے ، میگنشیم،آئرن ، کیلشیم ، پوٹاشیم، وٹامن سی، وٹامن بی2، اور وٹامن بی سمیت پروٹین ، فاسفورس ، وٹامن ای، جست اور تانبا ودیگر وٹامنز وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں۔ حکیم منیر احمد امر تسری نے کہا کہ پالک ہر موسم میں موجود ہوتی ہے اسے سلاد میں اور پکا کر کھایا جا سکتا ہے۔ پالک سے قبض نہیں ہوتی یہ خون میں شوگر کو اعتدال میں رکھتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پالک کا استعمال ہڈیوں اور بلڈ پریشر کے امراض میں بھی فائدہ مند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالک کا استعما ل نظر اور جلد کے امراض پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتا ہے۔ پالک کا استعمال جلد کوتندرست رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پالک میں ”وٹامن کے” کثیر تعداد میں موجود ہوتا ہے اس لئے یہ دماغ اور اعصابی نظام کو بہتر بنانے کیلئے بھی مفید ہے۔ پالک گرم اور سرد مزاج دونوں افراد کیلئے یکساں مفید ہے علاوہ ازیں معدے کی سوزش ، پیشاب کی جلن، نزلہ، سینہ، پھیپھڑوں کے درد اور بخار میں بھی پالک کھانا صحت بخش ہے اور یہ خون کو صاف کرتی ہے۔