اوٹاوا (نیوز ڈیسک) کینیڈا میں ہونے والی طبی تحقیق میں کہاگیا ہے کہ محض 60 سیکنڈ کی سخت ورزش بھی جسمانی وزن میں کمی اور فٹنس لیول بڑھانے کے لیے کافی اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔میک ماسٹر یونیورسٹی کی تحقیق کے مطابق روزانہ ایک منٹ کی سخت ورزش سے بھی اتنے ہی طبی فوائد حاصل ہوتے ہیں جو زیادہ دورانیے تک کرنے کے نتیجے میں حاصل ہوتے ہیں۔محققین کے مطابق یہ ورزش کے حوالے سے ایک موثر حکمت عملی ہے، مختصر مگر سخت ورزش انتہائی فائدہ مند ثابت ہوتی ہے۔محققین نے اس حوالے سے رضاکاروں پر تجربات کیے اور انہیں مختلف ورزشیں کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ان کی جسمانی فٹنس اور انسولین کی حساسیت جیسے طبی اشاریوں کو جانچا۔نتائج سے معلوم ہوا کہ جن لوگوں نے ایک منٹ تک ورزش کی ان کی صحت میں کچھ عرصے بعد اتنی ہی بہتری آئی جتنی عام طور پر زیادہ دیر تک ورک آﺅٹ کرنے والوں میں آتی ہے۔محققین کے مطابق بیشتر افراد وقت نہ ہونے کو جسمانی ورزش سے دوری کا جواز بناتے ہیں مگر ہماری تحقیق کے نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ آپ کم وقت میں بھی صحت اور فٹنس فوائد حاصل کرسکتے ہیں۔