لاہور(نیوز ڈیسک)لاہورسمیت پنجاب میں سوائن فلو وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوگیا۔ مزید 7افراد میں سوائن فلو وائرس کی تصدیق کردی گئی۔وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سوائن فلو نہیں بلکہ موجودہ وبا انفلوئنزا ایچ ون این ون ہے، جس کاعلاج ممکن اورویکسین موجود ہے۔ لاہور سمیت پنجاب میں سوائن فلو وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے اور24گھنٹوں کے دوران مزید 7افراد میں سوائن فلو وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔محکمہ صحت پنجاب کے مطابق راولپنڈی میں مزید 4 جبکہ لاہور میں 3افراد میں سوائن فلو وائرس کی تصدیق کی گئی۔ نئے کیسز کے بعد پنجاب میں سوائن فلو سے متاثرہ افراد کی تعداد 48 ہوگئی ہے۔پنجاب میں اس وائرس کے ہاتھوں اب تک 15 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، جبکہ کہ سوائن فلو وائرس کی تصدیق کے ٹیسٹ کے لیے لاہور سمیت پنجاب میںٹیسٹ کی کٹس ہی موجود نہیںہے۔