اسلام آباد(نیوز ڈیسک) اگر آپ 10 منٹ سے زیادہ بھاگنے کا تصور یا ہمت نہیں کرسکتے تو فکر مت کریں اتنی محنت بھی متعدد سنگین امراض سے تحفظ دینے کے لیے کافی ثابت ہوتی ہے۔ یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے۔ مینیسوٹا کے مایو کلینک کی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہفتے میں پانچ دن صرف 10 منٹ تک دوڑنے کے بہت زیادہ طبی فوائد ہیں۔ محققین کے مطابق ہر ہفتے 50 منٹ دوڑنا لوگوں کو فالج، جوڑوں کے امراض، ذیابیطس، ہائی کولیسٹرول، ہائی بلڈ پریشر اور یہاں تک کہ چند اقسام کے کینسر میں مبتلا ہونے کے خطرے سے بھی تحفظ دیتا ہے۔ اور اہم بات یہ ہے کہ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ بہت زیادہ دوڑنا صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔ محققین کے مطابق روزانہ ایک گھنٹے سے زائد دوڑنا دل کے مسائل کا خطرہ بڑھا دیتا ہے۔ تاہم ان کے مطابق اگر آپ جسمانی وزن میں کمی کے لیے دوڑ کو اپناتے ہیں تو دس منٹ تک بھاگنا کیلیوریز کو جلانے کے لیے کافی نہیں۔ خیال رہے کہ دوڑنا اور چہل قدمی جسمانی صحت بہتر بنانے کے لیے ایسی سرگرمیاں ہیں جن پر کوئی خرچہ بھی نہیں آتا بس جوتوں کی ایک جوڑی ہی کافی ثابت ہوتی ہے۔ اس سے پہلے آئیووا یونیورسٹی کی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ چند منٹ کی دوڑ چاہے ہلکی رفتار میں ہی کیوں نہ ہو، کو معمول بنالینا آپ کی زندگی کو کئی برس تک طول دینے کا سبب بن سکتی ہے کیونکہ ورزش انسانی صحت کے لیے بہت اہمیت رکھتی ہے۔ تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ دوڑ کے عادی افراد کا اپنی اس عادت سے دور رہنے والے ساتھیوں کے مقابلے میں اگلے 15 برسوں میں موت کا خطرہ 30 فیصد تک کم ہوتا ہے۔