کراچی(نیوزڈیسک)ڈھلتی ہوئی عمر سے ہر شخص پریشان نظر آتا ہے لیکن ذیابیطس (ٹائپ ٹو) میں کھائی جانے والی ایک عام دوا میٹ فارمن نے خلیات کی سطح پر بڑھاپے کو روکنے کی حیرت انگیز صلاحیت ظاہر کی ہے۔عمررسیدگی کے اثرات پر کام کرنے والے ایک امریکی ماہر ڈاکٹر کے مطابق اس دوا کے تجربات کے بہت مثبت اثرات سامنے آئے ہیں اور شوگر کی یہ عام دوا انسانی عمر پر بھی غیر معمولی اثرات مرتب کرے گی۔ ماہرین کے مطابق جب میٹ فارمن چوہوں کو کھلائی گئی تو ان کی زندگی 40 فیصد بڑھی اور ہڈیوں میں بھی بہت مضبوطی دیکھی گئی جبکہ اس کے علاوہ کارڈف یونیورسٹی کی ایک تحقیق سے بھی یہ بات سامنے آئی کہ اسی دوا سے مریضوں کی اوسط زندگی میں 8 سال کا اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ دوا خلیات میں آکسیجن کی مقدار بڑھاتی ہے۔امریکا میں دواو¿ں کی منطوری دینے والے ادارے نے اس دوا کے استعمال کی منظوری دیدی ہے جبکہ دوا 70 سے 80 سال کے ایسے مریضوں کو دی جائے گی جن میں کینسر، امراضِ قلب اور ڈیمنشیا کا خطرہ موجود ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ دوا کارگر ثابت ہوئی تو نہ صرف لوگ 100 یا اس سے بھی زائد عرصے تک زندہ رہ سکیں گے بلکہ امراض سے بھی دور رہیں گے۔