روم (نیوز ڈیسک) اٹلی میں ایک علاقے نے کام پر جانیوالے رہائشیوں کو گاڑی چلانے کے بدلے سائیکل استعمال کرنے پر سینکڑوں یورو دینے کا منصوبہ بنایا ہے ۔ پیزا کے شہر میں قائم ماسا روسا کے علاقے کی کونسل کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کہ تحت سائیکل چلانے والے مسافروں کو سائیکل چلانے کے فی کلومیٹر پر 25 سینٹس دیے جائیں گے ۔ لیکن کونسل نے یہ بھی کہا کہ ایک ماہ میں یہ رقم صرف 50 یورو تک محدود کی جائے گی ۔ منصوبے کے تحت دو پہیوں سے چار پر آنیوالے مسافر سالانہ طورپر چھ سو یورو تک کی رقم جمع کرسکتے ہیں ۔ تقریباً بارہ ماہ کی اس تجرباتی سکیم میں 50 ملازمین شامل کیے جائیں گے جو اپنے روزانہ کے سفر کو اپنے سمارٹ فون کے ذریعے ریکارڈ کرینگے ۔ اس منصوبے کی فنڈنگ علاقے میں چالانوں کے ذریعے اکٹھی ہونیوالی رقم سے کی جارہی ہے ۔ مقامی کونسلر سٹیفا نو ناٹالی نے کہا کہ بائک ٹو ورک ، کی سکیم شہریوں کو ایسی ترغیبات پیش کرگی جس سے علاقے میں رہنا مزید آسان ہوجائیگا۔اس منصوبے کو بنانے میں مدد کرنیوالی تنظیم اٹالیئسن فیڈریشن فرینڈز آف دا بائی سائیکل کا کہنا ہے کہ وہ امید کرتی ہے کہ دیگر علاقے بھی ماساروسا کی مثال کواپنائیں گے ۔