اسلام آباد(نیوز ڈیسک)ہر سال کروڑوں افراد کو دل کے دورے کا سامنا ہوتا ہے جن میں سے لاکھوں کے لیے زندگی کا سفر ختم بھی ہوجاتا ہے۔ہارٹ اٹیک کی روایتی علامات جیسے سینے میں درد یا دبا، ٹھنڈے پسینے، انتہائی کمزوری وغیرہ تو سب کو معلوم ہی ہے مگر کچھ ایسی واضح علامات بھی ہوتی ہیں جو بیشتر افراد کو معلوم نہیں اور انہیں معمولی سمجھ کر نظر انداز کردیا جاتا ہے تاہم وہ دل کے دورے کے خطرے کی نشاندہی کررہی ہوتی ہیں۔تو ایسی ہی چند خاموش علامات کے بارے میں جانے جن میں سے کسی ایک کا بھی تجربہ آپ کو ہو تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کریں۔دل کے دورے کی علامات کو قبل از وقت بھانپ لینے اور علاج کرانے سے زندگی کے بچنے کا امکان کافی حد تک بڑھ جاتا ہے۔
تھکاوٹ
طبی ماہرین کے مطابق ہارٹ اٹیک کی سب سے عام مگر خاموش علامت تھکاوٹ ہے۔ درحقیقت ہارٹ اٹیک سے کچھ عرصہ پہلے لوگ بہت زیادہ تھکاوٹ محسوس کرنے لگتے ہیں اور اپنے روزمرہ کے کام کرنے میں بھی مشکل محسوس کرتے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ دل کے دورے سے قبل دل سے خون کے بہاومیں کمی آتی ہے جس سے پٹھوں پر اضافی دباو آتا ہے اور لوگ تھکاوٹ محسوس کرنے لگتے ہیں۔ ایسی صورت میں ڈاکٹر سے رجوع کرنے سے گھبرائیں نہیں کیونکہ بعد میں تکلیف آپ کو ہی اٹھانا پڑے گی۔
کمر، ہاتھوں یا سینے میں جلن
کمر، سینے یا بازوں میں شدید درد یا جلن بھی اکثر ہارٹ اٹیک کی خاموش علامت ثابت ہوتی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق جب دل کے خلیات آکسیجن کی کمی کا شکار ہو تو شریانوں سے آکسیجن سے بھرپور خون کی فراہمی بلاک ہوجاتی ہے اور اس صورت میں پٹھے درد یا جلن کی شکل میں اعصابی نظام کو مدد کے سگنل بھیجتے ہیں۔ مگر چونکہ اس درد یا جلن کے دوران سینے میں روایتی بھاری پن محسوس نہیں ہوتا اس لیے لوگ اسے نظرانداز کردیتے ہیں۔ اگر آپ کو ایسا تجربہ پہلے کبھی نہ ہوا ہو اور کسی کام کے دوران اچانک ان جگہوں پر درد یا جلن محسوس ہونے لگے تو ڈاکٹر سے فوری رجوع کریں۔
سانس لینے میں مشکل
اگر آپ کو اکثر سیڑھیاں چڑھنے کا موقع ملتا ہو اور سانس لینے میں تکلیف نہ ہوتی ہو تاہم اوپر پہنچنے کے بعد ایسا لگتا ہو جیسے دم گھٹ رہا ہے تو یہ ہارٹ اٹیک کا اشارہ ہوسکتا ہے۔ خاص طور پر خواتین سیڑھیاں چڑھنے یا بازار جانے کے دوران سانس کی کمی کا شکار ہو تو اسے نظر انداز مت کریں۔ درحقیقت دل میں خون کا بہاو بلاک ہونے کی صورت میں سانس کے نظام پر یہ اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
سینے میں جلن
اگر تو آپ کو اکثر اچھا کھانے کے بعد سینے میں جلن کا احساس ہوتا ہو تو یہ فکرمندی کا باعث نہیں تاہم اگر پہلے کبھی ایسا نہ ہوا ہو تو پھر یہ ہارٹ اٹیک کی خاموش علامت بھی ہوسکتی ہے، جبکہ انجائنا کی تکلیف کا اظہار بھی ہوسکتا ہے جس میں دل کو خون کی روانی میں کمی ہونے سے جلن محسوس ہونے لگتی ہے اور یہی چیز آگے بڑھ کر ہارٹ اٹیک کا سبب بن جاتی ہے۔
معدے میں گڑبڑ
دل کے دورے کی علامات میں معدے کے مسائل بھی ہوسکتے ہیں جیسے قے، متلی یا معدے میں تکلیف وغیرہ، خاص طور پر خواتین کو اس حوالے سے زیادہ محتاط رہنے کی ضرورت ہوتی ہے اور اگر وہ اپنی طبیعت بہتر محسوس نہ کررہی ہو تو ڈاکٹر سے رجوع کریں کیونکہ اگر وہ دل کے دورے کی علامت ہے تو وہ جان لیوا بھی ثابت ہوسکتی ہے۔
گلے، گردن یا جبڑے میں بے چینی
گلے، گردن یا جبڑے میں بغیر وجہ کے بے چینی یا گلا تنگ ہونے کا احساس جس کا تجربہ پہلے کبھی نہ ہوا ہو، ہارٹ اٹیک کا اشارہ ہوسکتا ہے۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ذیابیطس کے مریضوں کے لیے بہت ضروری ہے کہ وہ اس طرح کی شکایت پر توجہ مرکوز کریں کیونکہ ان میں دل کے دورے سے قبل کی روایتی علامات جیسے سینے میں درد وغیرہ کا ظاہر ہونے کا امکان کم ہوتا ہے اور اس طرح کی خاموش علامات ظاہر ہونے کے بعد ہارٹ اٹیک سامنے آتا ہے۔
کسی گڑبڑ کا احساس
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اکثر دل کے مریضوں کو ہارٹ اٹیک سے پہلے احساس ہوتا ہے جیسے سب کچھ ٹھیک نہیں، اگر تو ایسا وجدانی احساس آپ کو بھی محسوس ہو اور آپ خود کو بغیر کسی وجہ کے ہی بیمار محسوس کریں تو بہتر ہے کہ ڈاکٹر سے رجوع کرلیں۔ درحقیقت ہارٹ اٹیک سے پہلے اکثر افراد ذہنی طور پر زیادہ مستعد نہیں رہتے جیسے عام زندگی میں ہوتے ہیں اور یہی ایک خاموش علامت بھی ہوتی ہے۔
ہارٹ اٹیک کی 7 خاموش علامات
17
نومبر 2015
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں