اسلام آباد(نیوز ڈیسک)میوزک سننے کی بجائے کتابوں کے مطالعے کو ترجیح دیں جہاں یہ علم کا حصول ہے وہیں ڈپریشن سے بچنے کا ذریعہ بھی ہے۔ امریکہ میں کی گئی ایک تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ ایسے نوجوان جو میوزک سننے کی بجائے کتابوں کے مطالعے کو ترجیح دیتے ہیں انہیں ذہنی دباﺅاور ڈپریشن کا شکار ہونے کے امکانات کم ہو تے ہیں۔ یونیورسٹی آف پٹس برگ اور ہیلتھ ٹائم ڈاٹ کام میں شائع ریسرچز میں بتایا گیا ہے کہ مطالعہ کرنے والے نوجوانوں کی نسبت میوزک لسنر یوتھ میں قوتِ برداشت بھی کم پائی جاتی ہے۔یہ حقیقت واضح ہے کہ انٹرنیٹ ، کیبلز ، موبائل فونز اور دیگر ذرائع ابلاغ کے فروغ کے بعد کتب بینی کی عادت کم ہوئی ہے جس کی وجہ سے ڈپریشن جیسے مسائل بڑھ گئے ہیں تاہم ڈپریشن سے بچنے کا حل یہی ہے کہ مطالعہ کی عادت ڈالیں اور متوازن طرزِ زندگی اپنائیں۔تحقیق میں بتایا گیا کہ ایسے نوجوان جو میوزک اور فلموں کو بہت زیادہ وقت دیتے ہیں انہیں انتہائی سطح کا ڈپریشن ہونے کا خدشہ ہوتا ہے۔