اسلام آباد(نیوز ڈیسک )طبی ماہرین نے کہا ہے کہ چھاتی کے سرطان کے بارے معلومات سے ہر خاتون کو باخبر ہونا چاہیے۔یہ بات ممتاز فزیشن لیڈی ڈاکٹرنے ایک بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ چھاتی کے سرطان کے بارے تشخیص سے ہر خاتون کو خوف آتاہے اوران پر بریسٹ کینسرکے الفاظ سنتے ہی لرزہ و خوف طاری ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس خوف اور دہشت کے باوجود دنیا کی ہر آٹھ میں سے ایک خاتون کو کسی نہ کسی عمر میں اس موذی مرض سے واسطہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھاتی ودیگر جسمانی کینسر کے بارے جدید سائنسی تحقیق جاری ہیں۔ تاہم چھاتی کا سرطان ایک موروثی مرض بھی ہے اور اس بنا پر یہ مرض متاثرہ خاندان میں زیادہ پا یا گیاہے۔ ڈاکٹر فائزہ محمود نے کہا کہ چھاتی کے سرطان کی متعدد وجوہات میں سے ایک وجہ موٹاپا بھی ہے بلکہ موٹاپے اور شراب وسگریٹ نوشی سے جسم کے دیگر اعضائ میں بھی سرطان کاخطرہ بڑھ جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مردوں کی نسبت خواتین میں چھاتی یا پھیپھڑوں کے سرطان کی شرح زیادہ ہے۔آخر میں انہوں نے کہا کہ عمر کے 20سے 30سال کے دوران موجود ہر خاتون کو تین سال بعدجبکہ 40سال کے بعد ہر خاتون کو ہر سال چھاتی کے سرطان کامعائنہ کروانا چاہیے ۔