اسلام آباد(نیوزڈیسک)اگر آپ کی نیند میں خلل واقع ہوتا ہے یا آپ بے خوابی کا شکار ہوتے ہیں تو اس کے برے اثرات گردوں پر مرتب ہوتے ہیں اور ان کے کام میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے۔امریکی ادارےBrigham and Women’s Hospitalمیں کی گئی ایک تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جو لوگ رات کو صحیح طریقے سے سو نہیں پاتے ان کے گردوں کی خرابی کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔انسانی جسم میں سونے اور جاگنے کے لئے ایک قدرتی سسٹم لگا ہوتا ہے اور اگر یہ سسٹم متاثر ہوجائے تو ہماری نیند میں خلل پیدا ہونے لگتا ہے جس کی وجہ سے ہمارے گردے بری طرح متاثر ہوتے ہیں۔تحقیق کار پروفیسر سیاران جوزف کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی تحقیق میں 4238افراد کا 11سال تک مشاہدہ کیااور اس دوران دو بار ان کے گردے کی صحت کا معیار جانچا گیا۔یہ بات مشاہدے میں آئی کہ جن لوگوں کو سونے میں خلل کا سامنا تھاان کے گردوں کی کارکردگی متاثر ہوئی تھی۔پروفیسر جوزف نے ایک مثال دیتے ہوئے بتایا کہ ایسی خواتین جو پانچ گھنٹے سورہی تھیں کے گردوں میں خرابی کے امکانات ان خواتین کی نسبت 65فیصد زائد تھے جوآٹھ گھنٹے سوتی تھیں۔اس کا کہنا تھا کہ لوگوں کو کوشش کرنی چاہیے کہ ان کی نیند بھرپور ہو تاکہ اس طرح کے مسائل سے بچا جاسکے۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں