لاہور (نیوز ڈیسک) انسانی جسم کو خوراک کے جن اجزاءکی ضرورت ہوتی ہے زیادہ پکانے سے وہ اجزاءاکثر اپنی افادیت کھو بیٹھتے ہیں ، انسان کو صحت مند رہنے کیلئے زیادہ سے زیادہ کچی خوراک اور سلاد کا استعمال کرنا چاہئے اور سیر کو معمول بنانا چاہئے۔ان خیالات کا اظہار ماہر غذائیت پرو فیسر حکیم محمد ثنا اللہ حلاج ،حکیم محمد افضل میو، حکیم ڈاکٹر محمد عابد شفیع، حکیم حامد رشید ڈوگر، حکیم ڈاکٹر اشفاق احمد میاں نے نیشنل ہربل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ لاہور میں طلباءکو علاج بالغذاءکے حوالے سے خصوصی لیکچر کے دوران کیا۔ماہرین غذائیت نے بتایاکہ خوراک میں متعدداقسام کی سبزیاں جیسے گاجر ، مولی ، ٹماٹر، ککڑی ، چقندر، گوبھی ، شملہ مرچ، اور شلجم وغیرہ شامل ہیں ان سبزیوں میں شامل وٹامنز اور نمکیات زیادہ تر پکانے سے ضائع ہو جاتے ہیں۔اس سبزیوں میں صحت بخش اجزاءیعنی فائیٹو کیمکلز اور دافع تکسیدی عوامل بھی شامل ہوتے ہیں وہ صرف چالیس سینٹی گریڈ پر ہی اپنی اصلی حالت تبدیل کر لیتے ہیں اور ان کے استعمال سے ہم وہ فوائد حاصل نہیں کر سکتے جو انہیں کچی یا خام حالت میں استعمال کرنے سے حاصل کئے جاسکتے ہیں۔