لاہور( نیوزڈیسک) پنجاب میں 6 سالہ بچے میں پولیو کی تصدیق کے باوجود جسمانی معذوری نہ ہونے سے ماہرین حیران ہو گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق 2015 میں پنجاب میں پولیو کا پہلا کیس چکوال سامنے آیا، جب 6 سالہ فرحان میں پولیو کی تصدیق ہوئی فرحان میں پولیو وائرس کی تصدیق رواں برس 9اکتوبر کو کی گئی۔وائرس کی تصدیق کے بعد عالمی ادارہ صحت، یونیسف اور محکمہ صحت پنجاب کی ٹیم بچے کا طبی معائنہ کرنے چکوال کے علاقے کوٹلی سیداں پہنچی۔ان اداروں کو اس وقت حیرت ہوئی جب انہوں نے فرحان کو عام بچے کی طرح چلتے پھرتے اور دوڑتے دیکھا۔انسداد پولیو پروگرام پنجاب کے سربراہ ڈاکٹر منیر نے بتایا کہ پولیو وائرس کی موجودگی کے باوجود بچے کا معذور نہ ہونا حیران کن ہے ٹیم نے بچے کی فلم بندی کرکے متعلقہ اداروں کو بھجوادی ہے۔فرحان کے والدین کے مطابق اس کو تقریباََ 15 بار ویکسین پلائی جاچکی ہے۔ماہرین کے مطابق فرحان کو انسداد پولیو کی ویکسین 15 بار پلائی گئی تھیں جس سے اس میں قوت مدافعت پیدا ہوئی اور وہ معذوری سے محفوظ رہا۔ کیس سے یہ امید بھی ہوچلی ہے ملک سے جلد پولیو کا خاتمہ ہوجائے گا۔