لندن(نیوزڈیسک)برطانیہ میں سگریٹ نوشی کی حوصلہ شکنی کے لیے نیا قانون آگیا ۔ گاڑی میں بچوں کی موجودگی کے دوران سگریٹ نوشی کرنے والے جرمانہ بھریں گے۔ خبردار، اب گاڑی میں سگریٹ نوشی نہیں چلے گی، ورنہ جرمانہ ادا کرنا ہوگا۔ برطانیہ کےنئے قانون کے مطابق کسی بھی گاڑی میں بچوں کی موجودگی میں تمباکو نوشی قابل سزا جرم ہے۔نئے قانون کے تحت انگلینڈ اور ویلز میں اگر کسی شخص نے بچوں کی موجودگی میں سگریٹ پینے کی کوشش کی ، پھر چاہے اس وقت گاڑی کی کھڑکیاں کھلی ہوئی کیوں نہ ہوں، سگریٹ پینے والے کو کم از کم بھی پچاس پاؤنڈ یا چھہتر ڈالرز جرمانہ کیا جا سکے گا۔یہی نہیں بلکہ اگر گاڑی کا ڈرائیور بچوں یا نابالغ افراد کی موجودگی میں اسی گاڑی میں سوار کسی دوسرے مسافر کو تمباکو نوشی سے روکنے میں ناکام رہا، تو اسے بھی جرمانہ دینا پڑے گا۔ اس نئے قانون کا اطلاق فی الحال صرف انگلینڈ اور ویلز پر ہوگا جبکہ اسکاٹ لینڈ اور شمالی آئرلینڈ اس کے نفاذ سے مستثنٰی رہیں گے۔