اسلام آباد(نیوزڈیسک )رمضان المبارک کے دوران ہماری جلد میں نمی کی بہت زیادہ کمی ہوجاتی ہے جس کی سب سے بڑی وجہ پانی کی کمی ہے۔
رمضان کے دوران روزے رکھنے سے انسانی جلد خشک ہوجاتی ہے اور جسم میں پانی کی کمی ہونے لگتی ہے جس کی وجہ سے صحت بھی متاثر ہوتی ہے۔ ان پانچ آسان طریقوں سے ہم رمضان کے مہینے میں پانی کی کمی کے باعث پیدا ہونے والی جسمانی مشکلات سے محفوظ رہ سکتے ہیں۔
زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال
رمضان کے دوران پانی زیادہ سے زیادہ پینا چاہیے، گرمی میں پانی استعمال کرنے کی مقدار بڑھانے سے جسم میں پانی کی کمی نہیں ہوتی اور صحت بھی بہتر رہتی ہے۔ رمضان میں افطار اور سحر کے دوران زیادہ سے زیادہ پانی پینا چاہیے اور کسی قسم کے جوس، سوڈا اور کافی سے بچنے کی کوشش کرنی چاہیے۔ ککڑی، بودینہ اور لیموں کے ساتھ پانی ہمارے جسم کے لیے کافی فائدہ مند ہے، اس کے ذریعے ہمیں وٹامنز B1, B2, B3, B5, B6 فولک ایسڈ، وٹامن سی، کیلشیم، آئرن، میگنیشیم، فاسفورس، زنک، پوٹاشیم ہمارے جسم میں پیدا ہوتا ہے جو کہ صحت کے لیے بہت فائدہ مند ہے۔
جلد کا خیال
رمضان کے مہینے میں ہمیں اپنی جلد کا بھرپور خیال رکھنا چاہیے، جلد کی نمی بہت اہم ہے۔ ان دنوں میں جلد خشک ہونا شروع ہوجاتی ہے اور خیال نہ رکھنے سے جلد خراب ہونا شروع ہوجاتی ہے۔ اس مہینے کے دوران نیند کا پورا ہونا بھی بہت ضروری ہے ورنہ آنکھوں کے گرد گہرے حلقے پڑنے کے باعث ہماری جلد خراب ہوتی ہے۔ اس دوران آنکھوں پر کھیرا رکھنا بھی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔
میک آپ کا کم استعمال
اس مہینے کے دوران خواتین کو بہت زیادہ میک آپ سے پرہیز کرنا چاہیے۔ سورج کی تیز تپش اور زیادہ میک آپ جلد کے لیے بہت نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ اگر بہت ضروری ہے تو اس دوران ایسے میک آپ کا استعمال کریں جو کہ جلد کے لیے موثر ثابت ہو اور اس سے جلد کو کسی قسم کا نقصان نہ ہو۔
عرق گلاب کا استعمال
اس مہینے کے دوران عرق گلاب کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنا چاہیے۔ عرق گلاب کو فرج میں ٹھنڈا کرنے کے لیے رکھ دیں جس کے بعد اسے اپنے چہرے پر چھڑک لیں، اس عمل سے چہرے کی جلد تازہ رہے گی جبکہ اس عرق کی خوشبو کے باعث پسینے کی بو سے بھی نجات ملے گی ۔
غذا کا خیال رکھیں
رمضان کے دوران اپنی غذا کا خاص خیال رکھیں، تیل سے بنی چیزوں سے پرہیز کریں اور تازہ پھل اور ہلکی غذا ہی کھائیں۔ رمضان میں لوگ افطار کے دوران کافی بد پرہیزی کرتے ہیں جس کے باعث صحت کافی متاثر ہوتی ہے۔یہی وجہ ہے کہ لوگوں کا وزن رمضان میں کم ہونے کی بجائے بڑھنے لگتا ہے۔ اس رمضان اپنی غذا میں ہلکی چیزیں شامل کریں اور پھلوں کو اپنی غذا میں شامل کریں۔