اسلام آباد(نیوزڈیسک ) چین میں میرس وائرس کے پہلے مریض کی صحت یابی کے باوجود ملک بھر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ مریض جو جنوبی کوریا سے چین آیا تھا اب صحت یاب ہو رہا ہے۔ دوسری جانب چین کی وزارت صحت نے ملک بھر میں ایک سرکلر جاری کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ہر سال ہزاروں افراد مشرق وسطی کا سفر کرتے ہیں جس کے باعث وہاں سے میرس وائرس کے ملک میں درآمد ہونے کا خطرہ ہے۔ ملک بھر کے ہسپتالوں اور طبی اداروں کو اس مرض کی تشخیص اور علاج کے متعلق ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ چین کی وزارت صحت اور وزارت سیاحت دونوں کی جانب سے جاری کئے گئے اس سرکلر میں ملک کے تمام اہم شہروں اور صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں میرس وائرس کے مریضوں کیلئے خصوصی اقدامات کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ دریں اثناچینی کی فضائی کمپنیوں کی جنوبی کوریا کیلئے پروازوں میں نمایاں کمی کردی گئی ہے تاکہ اس وائرس کو چین منتقل ہونے سے روکا جا سکے۔ یاد رہے کہ گزشتہ چند ہفتوں کے دوران میرس وائرس کے متعدد مریض جنوبی کوریا ہی میں سامنے آئے ہیں۔
آج کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی خبریں